29 نومبر 2018 - 16:50
فوج کیخلاف سازشیں کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے وفادار نہیں، طاہر اشرفی

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اور قانون پر سب کو عمل کرنا چاہیئے۔ سرکاری اور غیر سرکاری املاک جلانا اور عوام الناس کیلئے مشکلات پیدا کرنا اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت افواج پاکستان اور سپہ سالار کو نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن قوم اور فوج کے درمیان عدم اعتماد پیدا نہیں ہو سکے گا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سیرت رحمت للعالمین ؐ پر عمل سے ہی پاکستان خوشحال بن سکتا ہے حکومت ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کیخلاف کوئی قانون سازی نہیں کر سکتی سیاسی مقاصد کیلئے عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا نام لینا افسوسناک ہے، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، مساجد مدارس کا تحفظ اور دفاع ہر سطح پر کیا جائے گا، قادیانی لٹریچر پا پابندی لگائی جائے یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ طاہر اشرفی نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا انوارالحق مجاہد، مولانا عبدالکریم ندیم، مولانا عثمان بیگ فاروقی، مولانا اسد الرحمن سعید، مولانا محمد اشفاق پتافی بھی موجود تھے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی نے عالم اسلام کیلئے مسائل پیدا کیے ہیں، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان ایک بہتر دستاویز ہے اس پر مشاوراتی عمل جاری رکھتے ہوئے قانونی شکل دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا ہر مسلمان محافظ ہے، کسی گروہ یا جماعت کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت پر سیاست کرے اور مسلمانوں کے جذبات سے کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے حوالے سے آئین پاکستان میں موجود قوانین ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کیس میں نظر ثانی کی اپیل کی سماعت فوری کی جانی چاہیئے۔ آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ مدارس اور مساجد کو کوئی خطرہ نہیں، نہ ہی مدارس اور مساجد کیخلاف کوئی قانون سازی کی جا رہی ہے اور نہ ہی پاکستان علماء کونسل کسی کو مدارس اور مساجد کی سلامتی سے کھیلنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے مدارس اور مساجد کے مسائل کے حل کیلئے لاہور میں قانونی مشاورتی سیل قائم کر دیا ہے اور سیاسی ومذہبی کارکنوں سے فورتھ شیڈول کے خاتمے کے لیے بھی حکومت سے مذاکرات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کے پاکستان علما ء کونسل خیر کے امور میں حکومت کی حمایت جاری رکھے گی اور غیر شرعی امور میں محاسب کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور قانون پر سب کو عمل کرنا چاہیئے۔ سرکاری اور غیر سرکاری املاک جلانا اور عوام الناس کیلئے مشکلات پیدا کرنا اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت افواج پاکستان اور سپہ سالار کو نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن قوم اور فوج کے درمیان عدم اعتماد پیدا نہیں ہو سکے گا۔ پاکستان کی فوج ایمان تقویٰ اور فی سبیل اللہ والی فوج ہے اور قادیانیوں کی تعلیمات جہاد کیخلاف ہیں لہذا فوج کیخلاف سازشیں کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے وفادار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قادیانی لٹریچر پر مکمل پابندی عائد کی جائے چناب نگر سے نوگو علاقے ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کے پاکستان علماء کونسل کے تحت 30 نومبر کو ڈیڑہ غازی اور خان راجن پور میں رحمت للعالمین کانفرنسیں ہوں گی۔

.......

/169